لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا صاحب کہاں ہیں؟ شائقین کا سوال

لاہور (اردو نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا میلہ آب و تاب کے ساتھ جاری ہے، اس مرتبہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جارہا ہے جسے کھلاڑی اور شائقین کرکٹ خوب انجوائے تو کررہے ہیں مگر پھر بھی کہیں نہ کہیں ایک کمی محسوس ہورہی ہے۔ یہ کمی کسی اور چیز کی نہیں بلکہ لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کی ہے جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے پہلے سیزن سے ہی عوام میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی ٹیم چاہے پرفارم کرے یا نہ کرے مگر کھیل سے ان کی محبت اور جذبے کی وجہ سے پاکستانی شائقین کرکٹ انہیں بے حد پسند کرتے ہیں اور وہ لیگ کے ہر سیزن میں سب کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔

فواد رانا پی ایس ایل کے حالیہ سیزن میں اب تک سٹیڈیم میں نظر نہیں آئے ہیں اور شائقین کرکٹ تشویش میں مبتلا ہیں اور یہ سوال کرتے نظر آرہے ہیں کہ رانا صاحب آخر کہاں ہیں۔ تو ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ رانا صاحب ان دنوں کاروباری مصروفیات کے باعث کینیڈا میں موجود ہیں۔ فواد رانا کے چھوٹے بھائی اور لاہور قلندرز کے ٹیم منیجر ثمین رانا نے میڈیاسے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ 15 مارچ کو وطن واپس پہنچیں گے اور ممکنہ طور پر ملتان سلطانز کے خلاف اپنی ٹیم کا میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں آئیں گے۔