سرفراز احمد سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی واپس لینے کا فیصلہ , قومی ٹیم کی قیادت اب کون کرے گا؟

لاہور(اردو نیوز) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی ٹیسٹ کپتانی خطرے میں پڑ گئی ، پی سی بی تھنک ٹینک نے وکٹ کیپر کے متبادل کے طور پر نئے کپتان کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ورلڈ کپ 2019 ءمیں 5ویں پوزیشن پر ٹورنامنٹ ختم کرنےوالی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد نے 7جولائی کو پریس کانفرنس میں دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ وہ کپتانی سے کسی طور بھی علیحدہ نہیں ہوں گے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہی انکے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔

32 سالہ سرفراز احمد نے 13 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی ،انکی کپتانی میں قومی ٹیم نے 4 ٹیسٹ جیتے اور 8 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاعات ہیں کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ سے قبل بورڈ نے تینوں فارمیٹس کے کپتان سے ٹیسٹ قیادت واپس لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے،2 اگست کو لاہور میں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس بارے میں مزید فیصلہ ہوگا ۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں سرفراز احمد کے متبادل کے طور پر نائب کپتان اسد شفیق کو کپتان بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نیشنل بینک کی کپتانی کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود کے نام ٹیسٹ کپتانی کا قرعہ فعال نکلنے کا قوی امکان ہے۔29 سالہ شان مسعود پاکستان کےلئے 15 ٹیسٹ کی 30 اننگز میں 26.43 کی اوسط سے 793 رنز بنا چکے ہیں، شان مسعود نے آخری ٹیسٹ سیریز اس سال جنوبی افریقا میں کھیلی تھی جہاں 3 ٹیسٹ میں شان مسعود نے 2 نصف سنچریوں کی مدد سے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 228 رنز بنائے تھے۔

ذرائع کے مطابق شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دینے پر بورڈ میں چند افراد تحفظات کا شکار ہیں البتہ پی سی بی تھنک ٹینک نے اوپنر کو ٹیسٹ کپتانی دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔