پاکستان کرکٹ بورڈ کا سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

لاہور (اردو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کا سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ، کرکٹ بورڈ کا عالمی کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے باوجود کپتان کی فوری تبدیلی سے متعلق کوئی فیصلہ کرنے سے گریز۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو فی الحال تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے باوجود کپتان کی فوری تبدیلی سے متعلق کوئی فیصلہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ پی سی بی نے سرفراز احمد کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹیم میں گروپنگ نہیں ہے۔ ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنا چاہتی ہے اور ورلڈ کپ کے بقیہ چار میچوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر اپنے ناقدین کو غلط ثابت کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے انگلینڈ میں ورلڈکپ کیلئے موجود قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے رابطہ کیا ہے۔ چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے بذریعہ ٹیلی فون قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے رابطہ کیا۔ اس دوران چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے طویل گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو تلقین کی ہے کہ وہ میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کو کسی قسم کی توجہ نہ دیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے سرفراز احمد کو کہا ہے کہ وہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی اپنی مکمل توجہ ورلڈکپ کے بقیہ میچز پر مرکوز رکھیں۔ کھلاڑیوں پر میڈیا کی خبروں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ احسان مانی کی تلقین کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو یقین دلایا کہ وہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی ورلڈکپ کے آئندہ میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اب تک ورلڈکپ کے 5 میچز میں سے 3 میں شکست کھا چکی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا، ویسٹ انڈیزاور بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔ اب پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کیلئے پاکستان کو اب اپنے تمام بقیہ میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔