ورلڈکپ کے بعد ٹیم انتظامیہ سے لے کر کئی کھلاڑیوں تک کو گھر بھیجنے کا امکان

لاہور (اردو نیوز) ورلڈکپ کے بعد ٹیم انتظامیہ سے لے کر کئی کھلاڑیوں تک کو گھر بھیجنے کا امکان، بڑی تبدیلیوں کی تیاری مکمل، گورننگ باڈی کا اجلاس کل طلب، پی سی بی کا کہنا ہے کہ جلد بازی میں فیصلے نہیں کریں گے، سب کی کارکردگی جانچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈکپ کے فوری بعد قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ورلڈکپ کے بعد ٹیم انتظامیہ سے لے کر کئی کھلاڑیوں تک کو گھر بھیج دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ جلد بازی میں فیصلے نہیں کریں گے، سب کی کارکردگی جانچیں گے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے انگلینڈ میں ورلڈکپ کیلئے موجود قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے رابطہ کیا ہے۔

چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے بذریعہ ٹیلی فون قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے رابطہ کیا۔ اس دوران چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے طویل گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو تلقین کی ہے کہ وہ میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کو کسی قسم کی توجہ نہ دیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے سرفراز احمد کو کہا ہے کہ وہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی اپنی مکمل توجہ ورلڈکپ کے بقیہ میچز پر مرکوز رکھیں۔

کھلاڑیوں پر میڈیا کی خبروں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ احسان مانی کی تلقین کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو یقین دلایا کہ وہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی ورلڈکپ کے آئندہ میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اب تک ورلڈکپ کے 5 میچز میں سے 3 میں شکست کھا چکی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا، ویسٹ انڈیزاور بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔ اب پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کیلئے پاکستان کو اب اپنے تمام بقیہ میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔