ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے والے بابر اعظم کا رول ماڈل کونسا کھلاڑی ہے ؟ یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے ان کی پیروی کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے ویرات کوہلی کا اعتماد ، بیلنس اور باﺅلر کو پڑھ کر اس کیخلاف شاٹ کھیلنے کا انداز بہت پسند ہے ، خصوصاً وہ جس اعتماد کے ساتھ کریز پر آتے ہیں وہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں چھوٹے فارمیٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا ۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے 27 اننگز میں ہزار رنز مکمل کئے تھے جبکہ بابر نے 26ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ۔

بابر اعظم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کوہلی میں رنز کی بھوک ہے اور اگر وہ ایک میچ میں سنچری سکور کرتے ہیں تو اگلے میچ میں ایسے میدان میں اترتے ہیں جیسے انہوں نے گزشتہ اننگز میں کچھ کیا ہی نہ ہو ۔ بابرنے تسلیم کیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی20 میں میدان میں اترنے سے قبل ان کے ذہن میں کوہلی کا ریکارڈ تھا لیکن اس کے باوجود وہ یہ سوچ کر میدان میں اترے تھے کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلیں گے ۔

نوجوان کرکٹر نے کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بھی اسی طرح کی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے ۔ ٹی20 کی طرح ون ڈے میں بھی بحیثیت اوپنر کھیلنے کے حوالے سے متعلق سوال پر بابر نے کہا کہ یہ کپتان اور کوچ پر منحصر ہے کہ وہ انہیں کیا کردار سونپتے ہیں اور انہیں کس نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجتے ہیں ۔ بابر اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم کے موجودہ اوپنرز اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں لیکن اگر ان سے ون ڈے میں بھی اوپننگ کا کہا گیا تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں