پاکستان نے کینگروز کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی وائٹ واش مکمل کرلیا

دبئی (اردو نیوز) پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کو47 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش مکمل کرلیا ہے ۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا ،پاکستان کی پہلی وکٹ 29 کے سکور پر گری جب فخر زمان 11 رنز بناکر لوکی فرگوسن کا شکار بن گئے۔

دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد حفیظ نے کئی دلکش سٹروکس کھیلے اور بابر اعظم نے اس دوران اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 8ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ تیز ترین ہزار ٹی ٹونٹی رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ،وہ حفیظ کے ساتھ 94رنز کی شراکت داری قائم کرنے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم کی گیند پر 79رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ، شعیب ملک 9گیندوں پر19رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر گرینڈ ہوم کی دوسری وکٹ بنے ،محمد حفیظ نے اپنی 10ویں ٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی اور آصف علی کے ساتھ ملکر20اوورز میں پاکستان کا سکور 166رنز تک پہنچایا ۔

نیوزی لینڈ کے لیے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا ،منرو محض2رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ، نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی ناکام رہے اوروہ6رنز بنا کر عثمان شنواری کی تھرو پر رن آﺅٹ ہوگئے ، کیوی کپتان کین ولیمسن نے گلین فلپس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 83رنز کا اضافہ کیا اور اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 9ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ شاداب خان کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باﺅنڈری پر بابر اعظم کے ہاتھوں جکڑے گئے ،

دو گیندوں بعد شاداب نے گلین فلپس کو بھی 26کے انفرادی سکور پر بولڈ کردیا ، مار ک چیپ مین محض2رنز بنا کر عمادوسیم کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوگئے ،اگلی ہی گیند پر ٹم سائیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے ، ٹم ساﺅتھی بھی بغیر کوئی رنز بنائے فہیم اشرف کی عمد ہ تھرو پر رن آﺅٹ ہوگئے ،شاداب خان نے روس ٹیلر کو7رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کروا کر اپنی تیسری وکٹ حاصل کی ،وقاص مقصود نے لوکی فرگوسن کو آﺅٹ کرکے اپنی پہلی ٹی ٹونٹی وکٹ حاصل کی اور پھر سیتھ رینس کو آﺅٹ کرکے پاکستان کو جیت دلائی۔

گرین شرٹس نے ٹیم میں دو تبدیلیاںکی ہیں اور شاہین آفریدی اور حسن علی کو آرام دیکر وقاص مقصود کو ڈیبیو کروانے کے ساتھ عثمان شنواری کو حتمی الیون میں شامل کیا گیا ۔ پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔

کیویز کےخلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے مسلسل 11 ویں ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کرنےکا اعزاز حاصل کیا۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں