دورہ پاکستان: ورلڈ الیون کی مانگ میں بڑے ستارے سجنے لگے

عالمی ٹیم کے مینجر اینڈی فلاور کھلاڑیوں سے معاہدوں میں مصروف، پروٹیز بلے باز ہاشم آملا اور لیگ سپنر عمران طاہر کی شمولیت یقینی، آئی سی سی کی جانب سے 13 کھلاڑیوں کا اعلان چند روز میں متوقع

لاہور: (سپورٹس ڈیسک) دورہ پاکستان کیلئے ورلڈ الیون کی مانگ میں ”بڑے ستارے “ سجنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ پاکستان کا متوقع دورہ کرنیوالی ورلڈ الیون میں کون کون سا کھلاڑی شامل ہو گا؟ اس کا اعلان تو چند روز میں ہو گا لیکن اس ٹیم میں ساؤتھ افریقا کے بلے باز ہاشم آملا اور پاکستانی نژاد لیگ سپنر عمران طاہر کی شمولیت یقینی ہو گئی ہے۔ آئی سی سی ورلڈ الیون کا مجوزہ دورہ پاکستان 10 سے 15 ستمبر کے درمیان شیڈول کیا جا رہا ہے۔ اس ٹیم کے مینجر اینڈی فلاور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے مختلف کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کرنے میں مصروف ہیں۔

اگرچہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے موجودہ کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ تو معاہدے نہیں ہو رہے کیونکہ دونوں بورڈز نے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کر دیا ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقا کے بلے باز ہاشم آملا اور پاکستانی نژاد لیگ سپنر عمران طاہر کیساتھ بات چیت یقینی حد تک طے پا گئی ہے جو ورلڈ الیون میں شامل ہوں گے۔ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ الیون میں شامل 13 کھلاڑیوں کا اعلان چند روز میں متوقع ہے جس میں ممکنہ طور پر تمام موجودہ کھلاڑی شامل ہونگے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ہاشم آملا اور عمران طاہر کی ورلڈ الیون میں شمولیت کو اہم قرار دے رہا ہے جبکہ یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ عمران نے ہاشم آملا کو پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کیا ہے۔ ورلڈ الیون پاکستانی ٹیم کیساتھ تین ٹی 20 میچز کھیلے گی جو آئی سی سی کے زیر نگرانی ہونگے اور انہیں انٹرنیشنل میچز کا درجہ حاصل ہو گا۔ اس حوالے سے پاکستان میں تیاریاں عروج پر ہیں، جنہیں حکومت پنجاب کی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔