سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے سے انکار کے بعد پریانکا چوپڑا نے وشال بھردواج کی فلم سائن کرنے کا فیصلہ کر لیا

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھلے ہی سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا ہو تاہم وہ ایک اور بالی ووڈ فلم کو سائن کرنے کا ارادہ کررہی ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا کو سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں سائن کیا گیا تھا ، تاہم اداکارہ نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ، جس کے بعد کترینہ کیف کو ان کی جگہ کاسٹ کرلیا گیا ۔ اس وقت ایسا محسوس ہوا کہ پریانکا اپنے ہا لی ووڈ پروجیکٹس میں کافی مصروف ہیں ۔

تاہم اب خبریں ہیں کہ وہ نامور ہدایت کار اور پروڈیوسر ویشال بھردواج کی فلم سائن کرنے جارہی ہیں ۔ ویشال بھردواج نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت پریانکا چوپڑا سے اپنی اگلی فلم کے سلسلے میں رابطے میں ہیں ۔ یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا ویشال بھردواج کی 2 کامیاب فلموں میں کام کرچکی ہیں ۔ ان میں 2009 کی فلم ’کمینے‘ اور 2011 کی فلم ’7 خون معاف‘ شامل ہیں ، یہ دونوں تھرلر فلمیں تھیں ۔