جاپانی کارٹون ڈورے مون اور نوبیتا پر مکمل پابندی عائد کی جائے ، تحریک انصاف کا حکومت سے مطالبہ

حزب اختلاف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاپانی کارٹون ڈورے مون اور نوبتا پر مکمل پابندی عائد کی جائے کیونکہ معاشرے پر ان کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹرمراد راس نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کراتے ہوئے یہ مطالبہ کیا ۔ قرارداد کے متن کے مطابق کچھ کیبل آپریٹرز اور ٹی وی چینلز پاکستان میں پابندی کے باوجود یہ ڈرامہ دکھا رہے ہیں، چھوٹے بچے ڈورے مون کارٹون کا آسان ہدف ہیں اور یہ بچوں پر تعلیمی و جسمانی طور پرمنفی اثرات مرتب کررہے ہیں۔ ڈاکٹرمراد راس کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سرحدی امور کی خلاف ورزی اور دیگر تمام کاوشیں کررہاہے جبکہ یہ ڈرامے اور کارٹون بچوں پر منفی اثرات مرتب کررہے ہیں، متعلقہ حکام خاموشی سے تماشا دیکھ رہے ہیں اور وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے پروگرام نشر کرنیوالے کیبل آپریٹرز اور ٹی وی چینلز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔