شادی کی تقریبات ختم، انوشکا اور ویرات جنوبی افریقہ روانہ

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر ویرات کوہلی اپنی شادی کی تقریبات کے بعد جنوبی افریقا روانہ ہوگئے۔ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ویرات اور انوشکا کو گذشتہ رات ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔ اس موقع پر ویرات نیلے ٹریک سوٹ جبکہ انوشکا سیاہ اور سفید دھاری دار جمپ سوٹ اور بلیک جیکٹ میں نظر آئیں۔ بھارتی اسٹار جوڑی سال نو کا استقبال ایک ساتھ کرے گی، جس کے بعد ویرات جنوبی افریقہ کے ساتھ شیڈول کرکٹ سیریز میں مصروف ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم، جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا میچ 5 جنوری کو کھیلے گی۔

دوسری جانب انوشکا وطن واپس آکر ممبئی میں آنند ایل رائے کی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گی، جس میں ان کے مدمقابل شاہ رخ خان ہوں گے، جبکہ فروری میں انوشکا، ورن دھون کے ساتھ فلم ‘سوئی دھاگا’ کی شوٹنگ کا بھی آغاز کردیں گی۔ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی رواں ماہ 11 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ دونوں کی شادی کی تقریبات اٹلی کے مہنگے ترین ریزورٹ بوگو فینو چیتو میں منعقد ہوئیں، جس کے بعد وطن واپس آکر دوستوں اور اہلخانہ کے لیے الگ الگ استقبالیہ رکھے گئے۔