دپیکا کا ماہرہ خان کی فلم ’’ورنہ ‘‘ پر پابندی کے خلاف سخت ردعمل

بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’’ورنہ‘‘ پر پابندی عائد کیے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کچھ لوگ سینما کی طاقت کو نہیں سمجھتے ۔ نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اورعالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اس وقت ایک ہی کشتی کی سوار ہیں۔ دپیکا کی فلم ’’پدماوتی‘‘ بھارت میں اور ماہرہ کی فلم ’’ورنہ‘‘ پرپاکستان میں پابندی کی تلوارلٹک رہی ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران ماہرہ خان کی فلم ورنہ پر عائد ہونے والی پابندی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ فلموں کو دیکھے بغیر صرف سنی سنائی باتوں پر فوراً اپنا فیصلہ دے دیتے ہیں۔ سینما کے ذریعے دنیا بھر میں محبت پھیل سکتی ہے لیکن افسوس ہے کہ لوگوں کا ایک مخصوص گروہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتا۔