کیا آپ کو سالوں پرانے فیس بک پیغامات موصول ہو رہے ہیں؟ اصل وجہ سامنے آ گئی

نیویارک (اُردو نیوز) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر سالوں پرانے پیغامات دوبارہ موصول ہونے لگے۔فیس بک انتظامیہ نے میسنجر میں پرانے پیغامات دوبارہ بھیجے جانے کی شکایات موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اکثر فیس بک صارفین نے ٹوئٹر پر فیس بک پر ظاہر ہونے والے سالوں پرانے پیغامات ان ریڈ (نہ پڑھا ہوا) ظاہر ہونے سے متعلق شکایت کی اور اسے صارفین کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بھی قرار دیاتھا۔

فیس بک کے ترجمان نے بتایا کہ بعض افراد کو فیس بک پر پرانے پیغامات دوبارہ موصول ہوئے ہیں ، ہم اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور اسے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صارفین کو مشکلات پیش آنے پر ہم معذرت کرتے ہیں۔

تاہم بعض صارفین نے اس مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا کہ پرانے پیغامات دوبارہ موصول ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ صارفین کی جانب سے سالوں پرانی میسنجر پر کی گئی ذاتی نوعیت کی بات چیت کو فیس بک محفوظ رکھتا ہے۔

فیس بک میسنجر میں یہ نیا مسئلہ ان افراد کے لیے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں جن کے خاندان کا کوئی فرد یا کوئی دوست انتقال کرچکا ہو اور ان کے پرانے میسیجز دوبارہ موصول ہورہے ہوں۔فیس بک ترجمان نے بتایا کہ بعض افراد کو فیس بک کی جانب سے پرانے پیغامات دوبارہ بھیجے گئے تھے، یہ مسئلہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کی وجہ سے ہوا تھا اور اسے حل کیا جاچکا ہے، صارفین کو مشکلات پیش آنے پر ہم معذرت خواہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں