واٹس ایپ میں یہ سبز ٹک کس لیے ہے؟

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن ہے مگر کیا آپ نے اس میں سبز رنگ کے ٹک جیسے نشان کو دیکھا؟ یہ واٹس ایپ کا نیا فیچر ہے اور یہ بیج یا گرین ٹک درحقیقت فیس بک یا ٹوئٹر جیسے ویری فائیڈ اکاﺅنٹس کی نشاندہی کرتا ہے۔

واٹس ایپ نے آخرکار بزنس اکاﺅنٹس کو ویری فائیڈ گرین بیجز دینا شروع کردیئے ہیں جو کہ فی الحال محدود تعداد میں اکاﺅنٹس کو دیا جارہا ہے جو کہ ایک پائلٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔ماس فیچر کے تحت اگر کسی کانٹیکٹ کا فون نمبر کسی بزنس اکاﺅنٹ سے منسلک ہو تو وہ گرین چیک حاصل کرسکے گا۔

واٹس ایپ اس گرین چیک کی مدد سے صارفین کو جاننے میں مدد دے گی کہ وہ کسی بزنس اکاﺅنٹ سے بات کررہے ہیں جبکہ ایسے ویری فائیڈ اکاﺅنٹ سے چیٹ پر ٹیکسٹ ببل زرد رنگ کا ہوگا۔ واٹس ایپ کے مطابق اس طرح کی چیٹ کو کبھی بھی ڈیلیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔ ویسے عام طور پر واٹس ایپ صارفین اپنے دوستوں سے بات چیت کو ڈیلیٹ کرسکتے ہیں مگر اس نئے فیچر کا مقصد بظاہر ویری فائیڈ اکاﺅنٹ سے چیٹ کا ریکارڈ برقرار رکھنا لگتا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق اس گرین چیک کا مقصد بزنس اکاﺅنٹ کو صارفین کے لیے قابل اعتبار بنانا ہے۔ تاہم اس سے دیگر کاروباری اداروں کو اس پلیٹ فارم کی جانب لانے کی کوشش بھی کی جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فیس بک پہلے ہی ویری فائیڈ بزنس پیجز کو گرے رنگ کے چیک کے ذریعے الگ کرتی ہے۔ یہ دونوں پلیٹ فارم فیچرز کے لحاظ سے ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں، گزشتہ ہفتے ہی واٹس ایپ میں فیس بک جیسے رنگا رنگ اسٹیٹس اپ ڈیٹس کو متعارف کرایا گیا تھا۔