نیا آئی فون ایٹ 12 ستمبر کو متعارف ہونے کا امکان

اگر تو آپ ایپل کے نئے آئی فون کو خریدنا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ ڈیوائس دو ہفتوں کے اندر سامنے آنے کا امکان ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کو متعارف کرانے کے لیے ایونٹ کا انعقاد 12 ستمبر کو کرایا جائے گا۔ تاہم اب تک ایپل کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ دعوت نامے ارسال نہیں کیے گئے ہیں۔

ایپل کی جانب سے ستمبر میں ہونے والے ایونٹ کے دوران تین نئے آئی فون ماڈلز پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ ان میں سے ایک ماڈل نیکسٹ جنریشن او ایل ای ڈی اسکرین کے ساتھ ہوگا جو کہ بیزل لیس ڈپسلے کے ساتھ ہوگا۔ اس فون یا آئی فون ایٹ (یا جو بھی اس کا نام ہوگا) کی قیمت کے حوالے سے کافی افواہیں سامنے آرہی ہیں تاہم گزشتہ ہفتے نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس کی قیمت 999 ڈالرز (ایک لاکھ پانچ ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے۔

اس سے ہٹ کر بھی ایپل کی جانب سے دو آئی فون ماڈلز ایونٹ میں پیش کیے جائیں گے جو کہ موجود آئی فون سیون اور سیون پلس سے ملتے جلتے یا یوں کہہ لیں کہ ان کے اپ ڈیٹ ورژن ہوں گے۔ اسی طرح مختلف رپورٹس کے مطابق آئی فون ایٹ ہوم بٹن سے محروم ہوگا جبکہ پہلی بار یہ کمپنی یو ایس بی ٹائپ سی اور وائرلیس چارجنگ کو بھی اپنی ڈیوائس کا حصہ بنائے گی۔ اس بات کے بھی امکانات ہیں کہ آئی فون ایٹ کے ڈوئل کیمروں کو پہلے سے بہتر بنایا جائے گا تاکہ وہ گلیکسی نوٹ ایٹ کا مقابلہ کرسکے۔