پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے دو سم استعمال کرنے والے صارفین کو خبردار کر دیا

اسلام آباد (اُردو نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک موبائل فون پر دو سم استعمال کرنے والے صارفین کو خبردار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ایک سے زیادہ سم / آئی ایم ای آئی سلاٹس رکھنے والے تمام موبائل فون صارفین کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جن کے موبائل کی ایک آئی ایم ای آئی سلاٹ تو رجسٹر ہے لیکن دوسری سلاٹ رجسٹر نہیں ہے وہ 31 اگست 2019ء سے پہلے اپنی دوسری سلاٹ کی رجسٹریشن بھی کروا لیں۔

ایسے موبائل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کرواتے ہوئے موبائل صارف تمام پروگرامڈ آئی ایم ای آئی کا اسکرین شاٹ ، موبائل ڈیوائس باکس ، جس پر تمام آئی ایم ای آئی واضح ہوں، کا اسکرین شاٹ، موبائل صارف کے قومی شناختی کارڈ کی کاپی اور درخواست کنندہ سے رابطے کی تفصیلات لکھ کر [email protected] پر ای میل ارسال کر دے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ایسی تمام درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا اور صرف توثیق شدہ کیسز ہی رجسٹر کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 30 اگست 2019ء کے بعد ایسی کسی بھی سم سلاٹس کی رجسٹر یشن ہرگز نہیں کی جائے گی۔ موبائل صارفین کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل ڈیوائس کی آئی ایم ای آئی کی حیثیت جاننے کے لیے *#06# ڈائل کریں اور 15 ہندسوں کا آئی ایم ای آئی نمبر 8484 پر ایس ایم ایس کریں۔ موبائل صارفین کو یہ ہدایت بھی کی گئی کہ وہ اپنے موبائل کی تمام آئی ایم ای آیئز (Dual SIM) کی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے جتنا جلدی ہو سکے رجسٹر یشن کروائیں جس کے لیے 31 اگست 2019ء تک کی مہلت دی گئی ہے۔