مون سون کے سب سے تباہ کن سلسلے کا آغاز، خیبرپختونخواہ میں آسمانی بجلی گرنے اور تباہی مچنے کے واقعات

اسلام آباد (اُردو نیوز) مون سون کے سب سے تباہ کن سلسلے کا آغاز، خیبرپختونخواہ میں آسمانی بجلی گرنے اور تباہی مچنے کے واقعات ، دیربالا اور دیگر علاقوں میں مسلسل بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے بعد ندی نالوں میں شدید طغیانی، متعدد مکانات تباہ اور سڑکیں بھی بہہ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں اس وقت مون سون بارشوں کے سب سے تباہ کن سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے۔

خاص کر ملک کے شمالی علاقہ جات میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ صوبہ خیبرپختونخواہ میں دیر بالا اور دیگر کچھ علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے باعث تباہی مچ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے بعد ندی نالوں میں شدید طغیانی آئی اور کئی مکانات اور سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں مکان اورگاڑیاں ریلے میں بہہ گئے ہیں۔ ان علاقوں کا رخ کرنے والے سیاح بھی وہاں پھنس گئے ہیں۔ اس صورتحال کے بعد ہنگامی بنیادوں پر امدادی کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے باعث کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی اور دریائے چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوگی، ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے اتوار سے سندھ اور بلوچستان کے وسطی و شمالی اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی بھی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے منگل تک میرپور، ٹھٹھہ، حیدرآباد، کراچی اور بینظیر آباد میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔اس دوران سکھر،لاڑکانہ، ژوب، سبی اور نصیر آباد کے چند مقامات پر بھی تیز آندھی اور بارش ہوسکتی ہے جبکہ بلوچستان میں قلات، مکران ڈویژن میں بھی تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہوں گی جس کے نتیجے میں کراچی، ٹھٹھہ، حیدر آباد ڈویژن میں اربن فلڈنگ جبکہ قلات، سبی، ژوب ڈویژن میں فلش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔