حکومت کا اس سال ملک بھر میں ہر صورت عید الاضحیٰ ایک ہی روز منانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اُردو نیوز) حکومت کا اس سال ملک بھر میں ہر صورت عید الاضحیٰ ایک ہی روز منانے کا فیصلہ، مفتی پوپلزئی کو کنٹرول کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی، اسلامی نظریاتی کونسل مسجد قاسم علی خان کے مفتی سے ملاقاتیں کرے گی، محکمہ موسمیات کے حکام بھی ان سے ملاقات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ایک ساتھ عید اور رمضان کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل بھی متحرک ہوگئی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل نے پشاور کے معروف عالم دین مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے رابطہ کرکے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی ٹیم کو محکمہ موسمیات کی تکنیکی ٹیموں سے ملوانے کا فیصلہ کیا گیا،مفتی پوپلزئی کی ٹیم کی چاند کی پیدائش اور رویت سے متعلق بریفننگ دی جائیگی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے ذرائع کے مطابق مفتی شہاب الدین پوپلزئی اور انکی ٹیم کو سمجھایا جائیگا کہ چاند کی رویت ممکن نہیں تو نظر کیسے آ سکتا ہی رویت کے حوالے سے مفتی پوپلزئی کے تحفظات بھی دور کرنے کی کوشش کی جائیگی،عید الاضحی پر چاند کی رویت کا مسئلہ نہیں ہوتا۔

ادھر عیدالاضحی کے حوالے سے محکمہ موسمیات اور وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مختلف تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں ذوالحج کا چاند 2 اگست کو نظر آئیگا جبکہ عیدالاضحیٰ 13 اگست کو ہو گی،اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ہجری کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحی پیر 12 اگست 2019 کو ہو گی جبکہ محرم اتوار یکم ستمبر2019 کو ہو گا۔