پاکستانی شہر میں ایمبولینس سمیت کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں

کراچی(آئی این پی ) کراچی کے علاقے شیر شاہ گل بائی پل پر آئل ٹینکر الٹنے سے آگ لگ گئی، حادثے میں 5 موٹرسائیکلیں، ایک ایمبولینس جل گئی، فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آئل ٹینکر اور گاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پایا۔ تفصیلات کے مطابق ایک اور آئل ٹینکر حادثے نے خوف پھیلا دیا۔ کراچی کے علاقے شیر شاہ گل بائی پل پر تیز رفتاری کے باعث آئل ٹینکر الٹ گیا، زمین پر گرتے ہی آئل زمین پر پھیل گیا اور اس میں آگ لگ گئی، جو چیز سامنے آئی اسے بھی لپیٹ میں لے لیا، واقعے میں 5 موٹرسائیکلیں، ایک ایمبولینس بھی جل کر تباہ ہوگئی۔

آگ کی لپیٹ میں قریبی گودام بھی آیا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، دھویں کے بادل دور تک پھیل گئے۔ حادثے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہوگیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، سڑک کو بند کر دیا گیا، واٹر ہائیڈرنٹس پر بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آئل ٹینکر اور گاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پایا۔وزیراعلی سندھ نے گل بائی پر آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیا اور کمشنر کراچی کو اقدامات کی ہدایت کی۔ مرادعلی شاہ نے کہا ٹریفک اور کام پر جانے والے لوگوں کی رہنمائی کی جائے۔