پانچویں اور آٹھویں جماعت کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

لاہور(نیوزڈیسک) پنجاب ایگزیمینیشن بورڈ نے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے رزلٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پورے پنجاب سے لاکھوں طلباء نے یہ امتحان دیا تھا اور اتوار کے روز رزلٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دونوں جماعتوں میں لاہور کا کوئی طالب علم کوئی پوزیشن حاصل نہ کر سکا۔ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحان میں 25لاکھ 77ہزار امیدواروں نے شرکت کی جن میں پانچویں جماعت کے 15لاکھ 36ہزار اورآٹھویں جماعت کے 10لاکھ41ہزار بچے شامل ہیں۔

پانچویں کے امتحان میں کامیابی کا تناسب 88فیصد جبکہ آٹھویں کے امتحان میں کامیابی کا تناسب87فیصد رہا ہے۔ پہلی تین میں سے کوئی پوزیشن لاہور کے طلباء کے حصے میں نہ آسکی اور لیہ کی طوبیٰ مریم اور اوکاڑہ کے محمد حمزہ نے پانچویں جماعت کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ مظفر گڑھ کے علی احمد اورخانیوال کے محمد حسنین نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے اور وہاڑی کے علی اظہر، محمد شہیر طارق اور خانیوال کے محمد حاشر نے تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔ دوسری جانب آٹھویں جماعت کے امتحان مین مظفر گڑھ کے محمد شرجیل اور وہاڑی کی شہوار انعم نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

جبکہ سیالکوٹ کے محمد معاذ سلیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور سیالکوٹ کے ہی فیضان حسن اور حافظ آباد کے بلال سرور جبکہ بھکر کی فریحہ ریاض نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ یہاں سب سے اہم بات یہ ہے کہ دونوں جماعتوں کے امتحان میں لاہور کے کسی طالبعلم نے پہلی تین میں سے کوئی پوزیشن حاصل نہیں کی۔ اتوار کے روز پنجاب ایگزیمینیشن بورڈ نے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے رزلٹ کا اعلان کر دیا اور طلباء 800222 پر اپنا رولنمبر ایس ایم ایس کر کے اپنا رزلٹ جان سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اُردو پوائنٹ کی ویب سائٹ پر اس لنک پر جا کر بھی نتائج پتہ کر سکتے ہیں۔