لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں قتل اور اغواء کی لرزہ خیز واردات

لاہور (اردو نیوز) لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں قتل اور اغوا کی لرزہ خیز واردات، نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو بےدردی سے قتل کر دیا، 18 سالہ بیٹی کو بھی اٹھا لے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو بے رحمی کے ساتھ قتل کر دیا ہے۔
نامعلوم ملزمان خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کی نو عمر بیٹی کو بھی اغوا کر کے لے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سفاک ملزمان نے خاتون کے سر پر ہتھوڑوں کے متعدد وار کر کے قتل کیا۔ نیوز رپورٹس کے مطابق مقتولہ کی عمر 42 سال تھی جن کی شناخت بسمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ سفاک درندے خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کی 18 سالہ بیٹی کو بھی اٹھا کے ساتھ لے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والی لڑکی کی شناخت فجر کے نام سے ہوئی ہے جو کہ قوت گویائی و سماعت سے محروم ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اور فرازک موقع پر موجود ہیں جو کہ شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف عمل ہیں جبکہ خاتون کی نعش کو سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔