پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل کے دوران اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں کے قریب گرکر تباہ

اسلام آباد (اُردو نیوز) پاک فضائیہ کا ایف۔ 16 طیارہ 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے علاقے شکر پڑیاں کے قریب گرگیا۔ بدھ کو ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

طیارہ گرنے کی اطلاعات پر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور امدادی ٹیمیوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔

حادثے میں علاقے سے گذرنے والی بجلی کی ہائی ٹینشن تاروں کو بھی نقصان پہنچا اور جھاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ترجمان کے مطابق حادثہ کی تحقیقات کے لئے ایئر ہیڈ کوارٹر کے حکم پر بورڈ آف انکوائری قائم کر دیا گیا ہے جس نے فوری طور پر اپنا کام شروع کر دیا ہے۔

امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ ہو چکی ہیں۔ابتدائی طور پر کسی جان نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ شاید یہ کوئی مسافر طیارہ ہے تاہم بعد میں بتایا گیا ہے کہ یہ پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ ہے جو ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا۔جس جگہ پر طیارہ گرا وہاں جنگلات تو موجود ہیں لیکن ساتھ ساتھ دو تین پکنک پوائنٹس بھی موجود ہیں۔