مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی امریکہ چلے گئے

اسلام آباد (اُردو نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی امریکہ چلے گئے ۔ ذرائع نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ لیگی رہنما حنیف عباسی ملکی حالات ٹھیک ہونے تک امریکہ میں ہی رہیں گے۔ قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایک معتبر ذرائع نے حنفی عباسی کی الیگزینڈریا ورجینیامیں موجودگی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ وہ پاکستان کے سیاسی حالات ٹھیک ہونے تک امریکہ میں ہی رہیں گے وہ ورجینیا میں اپنے ایک پُرانے مسلم لیگی رہنما کے گھر ٹھہرے ہوئے ہیں جبکہ عابد شیر علی کافی عرصہ سے نیویارک کے علاقہ لانگ آئی لینڈ میں رہ رہے ہیں یہ دونوں سیاسی شخصیات اپنی سیاسی قیادت کے دو دھڑوں میں تقسیم ہونے سے نالاں بھی ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ ن عمران خان کے خلاف ریحام خان کو ایک مرتبہ پھر میدان میں اُتارنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ ریحام خان اس مقصد کے لیے برطانیہ اور بھارت کی سرزمین استعمال کریں گی۔ حنیف عباسی کی چونکہ ریحام خان کے ساتھ دوستی ہے اسی لیے اب وہ امریکہ میں بیٹھ کر عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ریحام خان برطانیہ کے نئے وزیراعظم بورس جانسن کو ایک خط بھی لکھنے والی ہیں جس میں وہ درخواست کریں گی کہ سیاسی یا خیراتی مقاصد کے لیے عمران خان کی پارٹی کو برطانیہ سے فنڈ اکٹھا کرنے سے روکا جائے کیونکہ یہ فنڈ بظاہر تو خیراتی مقاصد کے لیے اکٹھا کیا جاتا ہے لیکن اس کو پاکستان میں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایک نامور پاکستانی صحافی جو ان دنوں امریکہ میں ہیں وہ بھی عمران خان کے خلاف درپردہ مہم چلانے میں مصروف ہیں۔ اور اپنے ادارے کی پالیسی کے مطابق ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یہاں پر اہم پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر کے عمران خان کی نجی زندگی اور پاکستان تحریک انصاف کے بارے میں مواد اکٹھا کرنے کی جستجو میں ہیں ۔