تیز ہوائیں چلنے سے شہر کے درجہ حرارت میں کمی آگئی

کراچی: شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلیں،تیزسمندری ہواؤں کی وجہ سے پارہ مزید کمی سے 32.5ڈگری پر آگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو سمندر کی جنوب مغربی سمت کی تیزرفتارہوائیں چلیں،جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 45کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی،تیزہواؤں کی وجہ سے شہر میں گرمی کا پارہ بھی معتدل رہا ،اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس سے قبل صبح کے وقت شہر کا پارہ 26.5جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب صبح کے وقت 81اور شام کو 66فیصد ریکارڈ کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا مطلع صاف اورجزوی طورپر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32سے34ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا مزید کہناہے کہ اگلے 3روز تک شہر کا موسم متوازن رہنے کا امکان ہے۔