پیپلز پارٹی کے رہنما نے نواز شریف کو سندھ میں علاج کی پیشکش کردی

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے نوازشریف کو سندھ حکومت کے ادارے این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیشکش کردی ۔ سکھر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی صحت خراب ہے اور ان کی پوزیشن صحیح نہیں ، ہمیں عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے لیکن نوازشریف کی ضمانت ہونی چاہیے ۔

خورشید شاہ نے نوازشریف کو این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا اپنا فیصلہ ہے کہ وہ کہیں بھی علاج کرائیں ، وہ سکھر آ جائیں ، ہمارے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں ، این آئی سی وی ڈی سکھر میں اچھے ڈاکٹر ہیں ۔ پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ کیسز سب پر ہیں مگر حکومت جس پر ہاتھ ڈالے ، احتساب کریں مگر صفائی کا موقع بھی دینا چاہیے ۔