بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو پاکستان پہنچ گئیں ، پیپلز پارٹی میں اہم عہدہ ملنے کا امکان

آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف تحریک کی قیادت کیلئے صنم بھٹو پاکستان پہنچ گئی ہیں ، انہیں پیپلز پارٹی میں اہم عہدہ ملنے کا بھی امکان ہے ۔ صنم بھٹو بیرون ملک سے پاکستان پہنچی ہیں جہاں انہوں نے اپنے بھانجے بلاول بھٹو زرداری اور پی پی کے دیگر رہنماﺅں سے ملاقات کی ۔ صنم بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کی بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما ، پی پی پی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر ہمایوں خان ، پی پی پی بلوچستان علی مدد اور پی پی پی کے چیئرمین کے سیاسی سیکریٹری جمیل سومرو بھی موجود تھے ۔

صنم بھٹو پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی چھوٹی بہن ہیں جو ممکنہ طور پر آصف زرداری کی گرفتاری کے خلاف تحریک کی قیادت سنبھالیں گی ۔ ان کی پاکستان واپسی کے بعد انہیں پیپلز پارٹی میں اہم عہدہ دیے جانے کا بھی امکان ہے ۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے 20 نومبر کو ایک اجلاس میں آصف زرداری کی منی لانڈرنگ کیس میں ممکنہ گرفتاری کے بعد کی حکمت عملی طے کی تھی ۔ اس اجلاس میں طے پایا تھا کہ آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جس کی قیادت صنم بھٹو کریں گی ۔