لاہورہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو گورنر ہاﺅس کی دیواریں گرانے سے روک دیا

لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو گورنر ہاﺅس کی دیواریں گرانے سے روک دیا ، عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آئندہ حکم تک ایک اینٹ بھی نہیں ہلائی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں گورنر ہاﺅس کی دیواریں گرانے کیخلاف درخواست کی سماعت کی ، جسٹس مامون الرشید نے درخواست پرسماعت کی ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنرہاوس کی دیوارگرانا قانون کی خلاف ورزی ہے ، عدالت گورنرہاوس کی دیوارنہ گرانے کا حکم جاری کرے ۔

عدالت نے حکومت کو تاحکم ثانی گورنر ہاﺅس دیوارگرانے سے روکتے حکم امتناع جاری کردیا ، عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آئندہ حکم تک ایک اینٹ بھی نہیں ہلائی جائے گی ، جسٹس مامون رشید نے استفسار کیا کہ بتایا جائے دیوار گرانے کا حکم کس نے دیا ، سپریم کورٹ کا حکم ہے ایسے اقدامات کیلئے کابینہ کی منظوری ضروری ہے ، عدالت نے حکومت سے آئندہ سماعت تک تحریری جواب طلب کر لیا ۔