حکومتِ پنجاب نے میٹرو بس کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا

پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ پنجاب کے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت کی جانب سے جاری بیان میں میٹرو بسوں کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا کہا گیا ہے ۔ وزیرخزانہ کا کہنا ہےکہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی کی میٹرو پر سالانہ 12 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے ، اب شاہدرہ سے گجومتہ چلنے والی میٹرو بس کے کرائے اسٹاپ ٹو اسٹاپ مقرر ہوں گے ۔

کرائے ریشنلائز کرنے سے عوام پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا اور اس سے حکومتی سبسڈی میں بھی کمی آئے گی ۔ وزیر خزانہ مخدوم ہاشم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چھوٹی امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں کمی اور بڑی گاڑیوں کی فیس بڑھائی ہے ، نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے جامع پروگرام تیار کرلیا ہے ، کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے ، عوام کو مفت علاج کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ دیئے جائیں گے ۔