پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے 8 ماہ کیلئے 20 کھرب 26 ارب 57 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا

پنجاب حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے 8 ماہ کیلئے 20 کھرب 26 ارب 57 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا ہے ۔ ایک نجی نیوز چینل کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم بخت نے رواں مالی سال کے بقیہ 8 ماہ کا بجٹ پیش کیا ۔ اس موقع پر وزیر خزانہ مخدوم ہاشم بخت کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی وجہ سے قرضے لینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ، پنجاب کا بجٹ نئے پاکستان کی راہ ہموار کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی ترقی اشتہارات تک محدود تھی لیکن ہم خوراک ، تعلیم ، اپنا گھر اور بنیادی سہولیات پر توجہ دیں گے ، پی ٹی آئی حکومت مضبوط اور جامع بلدیاتی انتخاب پر یقین رکھتی ہے ۔ بجٹ تقریر کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ کا حجم 20 کھرب 26 ارب 57 کروڑ روپے ہے جب کہ مالی سال میں عمومی محصولات کی مد میں 1652 ارب روپے کا تخمینہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محاصل پول سے پنجاب کو 1276 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے اور صوبائی محصولات کی مد میں 376 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، جاری اخراجات کا کل تخمینہ 1264 ارب روپے ہے اور تنخواہوں کی مد میں 313 ارب روپے کی ادائیگی کا تخمینہ ہے ۔ وزیر خزانہ پنجاب کے مطابق پینشن کی مد میں 207 ارب روپے ، مقامی حکومتوں کے لئے 438 ارب روپے مختص کئے ہیں ۔