پاک فوج کا یوم دفاع و شہداء کیلئے نیا پرومو جاری

راولپنڈی (اُردو نیوز) پاک فوج نے یوم دفاع و شہداٰ کیلئے نیا پرومو جاری کردیا ہے، پرومو میں پیغام دیا گیا ہے کہ ’’ہمارے نشان حیدر ،ہمارا فخر‘‘ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں پاک فوج کانیا پرومو جاری کردیا ہے۔ پاک فوج کے نئے پرومو میں پیغام دیا گیا ہے کہ ’’ہمارے نشان حیدر ،ہمارا فخر‘‘ ہمیں پیار ہے پاکستان سے۔

اس سے قبل ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اٹھائیس اگست کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی،قوم کے نمائندے شہید وں کے گھر جائیں گے،شاپنگ مالز، بسوں ، ٹرینوں ،ویگنوں ، ٹرکوں پرشہدائ کی تصاویر لگائی جائیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبریوم دفاع اور شہدائ کے سلسلے میں آئی ایس پی آر میں پلاننگ کانفرنس ہوئی۔

جس میں وزارت اطلاعات، میڈیا اور پاک فوج کوکانفرنس کے پلان سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پچھلے 70سالوں سے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ ہرطبقے کے فرد نے قربانیاں دی ہیں۔ خواہ وہ سویلین تھا، کوئی ریڑھی والا تھا، وکیل تھا، ڈاکٹر تھا، اسکول ٹیچر تھا، آرمڈ فورسز تھیں ، صحافی تھے توجتنی قربانیاں ہم نے دی ہیں، خاص طور پرپچھلے 15،20سالوں میں تو اتنی قربانیاں کسی اور ملک نے نہیں دی ہیں۔

میجر جنرل آصف غفورنے کہا کہ قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے۔ کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی۔ میڈیا نمائندے جس کسی بھی محلے میں شہید کا گھر ہے وہاں جائیں اور ان کے گھروالوں کواحساس دلائیں کہ آپ کے بیٹے، خاوند، یا بھائی یا باپ نے جوقربانی دی ہے۔ وہ اس ملک کیلئے جان قربان کی ہے۔اس سے قوم میں جذبہ پیدا ہوگا کہ ان شہدائ کی بدولت ہی ہم آج اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاپنگ مالزشہدائ کی تصاویر سے سجائے جائیں گے۔اسی طرح بسوں ، ٹرینوں ،ویگنوں ، ٹرکوں ،ایئرپورٹ ، ریلوے اسٹیشنز یاٹریڈرز یونین کی مارکیٹ ہیں ہرجگہ پربھی شہدائ کی تصاویر لگائی جائیں گی۔ ہر شہید کی تصویر، جائے شہادت کی تفصیل بھی لکھی جائے گی۔ یومِ دفاع کے سلسلے میں افواجِ پاکستان ہتھیاروں کی نمائش کریں گے۔ تعلیمی اداروں میں شہدا کی یاد اور وطن سے محبت کی تقریبات ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت کیلئے جانیں دینے والوں کوسلام پیش کیا جائے گا۔ شہیدوں کے لواحقین کا شکریہ بھی ادا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ’’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کے نام سے یوم دفاع اور شہدائ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب براہ راست نشر کی جائے گی۔۔