آج رواں برس کے دوسرے جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ کیا گیا

رواں برس کے دوسرے جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ آج کیا گیا ، تاہم پاکستان میں سورج گرہن نہیں دیکھا گیا ۔ جزوی سورج گرہن آسٹریلیا کے جنوب مشرقی ساحل ، تسمانیہ ، نیوزی لینڈ ، آئس لینڈ ، انٹارکٹیکا ، بحراوقیانوس اور بحرہند میں دیکھا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جزوی سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر48 منٹ پر شروع ہوا ، جس کا اختتام 9 بجکر 14 منٹ پر ہوا ۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ رواں برس کا تیسرا سورج گرہن آئندہ ماہ 11 اگست بروز ہفتہ کو ہوگا ، تاہم پاکستان میں یہ سورج گرہن بھی نہیں دیکھا جاسکے گا ۔ ماہرین کے مطابق جزوی سورج گرہن اُس وقت ہوتا ہے جب چاند ، زمین اور سورج کے درمیان آجاتا ہے اور سورج کو جزوی طور پر ڈھانپ لیتا ہے ۔