پاک بحریہ نے ترکی سے چار بحری جہازوں کی تیاری کا معاہدہ کرلیا ، دو جہاز استنبول اور دو کراچی میں تیار کیے جائیں گے

پاک بحریہ نے ترکی سے چار بحری جہازوں کی تیاری کا معاہدہ کرلیا ہے ، ان میں سے دو جہاز استنبول اور دو جہاز کراچی میں تیار کیے جائیں گے ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان اور ترکی کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت دفاعی پیداوار میں ہوئی ، معاہدے کے تحت ترکی پاکستان کو چار جنگی بحری جہاز فروخت کرے گا ۔ترجمان کے مطابق اس معاہدے کے بعد جہاز سازی کی ٹیکنالوجی پاکستان منتقل ہوگی ، ترکی سے معاہدے میں تیار ہونے والے جہاز جدید نظام سے لیس اور اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل ہوں گے اور ان جہازوں پر میزائل سسٹم بھی نصب کیا جائے گا ۔ جہازوں کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ جہازوں کی شمولیت خطے میں بحری امن کی ضمانت ہے ۔ ترک وزیر دفاع کے مطابق بحری جہازوں کی فروخت کے لیے گزشتہ سال دستاویز پر دستخط کیے گئے جبکہ جہاز کے ٹینڈر کو حتمی شکل دی جا چکی ہے ۔