چاند کو گرہن لگ گیا ، سوپر بلیو بلڈ مون کے نظارے کو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا گیا

چاند کو گرہن لگ گیا ، آج ہونے والے اس سوپر بلیو بلڈ مون یعنی سرخی مائل نارنجی چاند کے نظارے کو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انگریزی مہینے میں 2 بار دکھائی دینے والا چودھویں کا چاند ‘بلیو مون’ کہلاتا ہے اور ایسے میں چاند کو اگر مکمل گرہن لگ جائے تو اسے ‘بلڈ مون’ بھی کہا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے 31 جنوری کو طلوع ہونے والا چاند ‘سپر بلیو بلڈ مون’ تھا، جس کی روشنی سرخی مائل نارنجی ہوتی ہے ۔ سپر بلیو بلڈ مون چودھویں کے عام چاند کے مقابلے میں 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوتا ہے جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھاگیا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبد الرشید کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن دوپہر 3 بج کر 51 منٹ پر شروع ہوا ، کراچی میں سپر بلیو بلڈ مون کا نظارہ 6 بج کر 10 منٹ جبکہ اسلام آباد میں 5 بج کر 32 منٹ سے شروع ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مکمل چاند گرہن 5 بج کر 52 منٹ سے شروع ہوا ۔ پاکستان میں لوگوں نے 7 بج کر 8 منٹ تک مکمل چاند گرہن کا نظارہ کیا ۔ سپر بلیو بلڈ مون امریکہ ، روس ، شمال مشرقی یورپ ، ایشیا اور آسڑیلیا میں بھی دیکھا گیا ۔ انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق سپر بلیو بلڈ مون کے ایک ساتھ آنے کا یہ واقعہ 151 سال بعد رونما ہوا۔