10 امیر ترین پاکستانیوں کی نئی فہرست، امریکی نژاد پاکستانی شہری شاہد خان امیر ترین پاکستانی قرار

لاہور (اردو نیوز ) 10 امیر ترین پاکستانیوں کی نئی فہرست، امریکی نژاد پاکستانی شہری شاہد خان امیر ترین پاکستانی قرار، شاہد خان تقریباً 8 ارب ڈالرز دولت کے مالک، فہرست میں انور پرویز، ملک ریاض، آصف زرداری اور نواز شریف کے نام بھی شامل۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی 10 امیر ترین شخصیات کی تازہ ترین فہرست سامنے آئی ہے۔

اس فہرست کے مطابق کئی پاکستانی شخصیات اربوں ڈالرز دولت کے مالک ہیں۔ سامنے آنے والی نئی فہرست میں پاکستان کے10 امیر ترین افراد میں شاہد خان گزشتہ سال کی طرح اب بھی امیر ترین پاکستانی قرار پائے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا میں مقیم امریکی نژاد پاکستانی کاروباری شخصیت شاہد خان کی دولت تقریبا 8 ارب ڈالر ہے۔ شاہد خان کئی دہائیوں سے امریکا میں مقیم ہیں تاہم انہیں آج بھی اپنی پاکستانی شناخت پر فخر ہے۔

شاہد خان فوربز دنیا کے 400 امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل واحد پاکستانی ہیں۔ امیر ترین پاکستانیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت بیسٹ وے گروپ اور یو بی ایل کے مالک انور پرویز ہیں، جن کی کل دولت 4.6 ارب ڈالرز ہے۔ اس فہرست میں سابق صدر آصف زرداری اور نواز شریف کے نام بھی شامل ہیں۔ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہاشو گروپ آف کمپنیز کے مالک صدرالدین ہاشوانی ہیں جن کی کل دولت 3.4 ارب ڈالرز ہے۔

چوتھے نمبر پر میاں منشا ہیں جن کی دولت کا اندازہ 2.7 ارب ڈالرز ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کی دولت کا اندازہ 1.8 ارب ڈالر ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی کل دولت 1.8 ارب ڈالر، بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کی کل دولت 1.5 ارب ڈالر، شان گروپ کے ناصر شان کی کل دولت 1 ارب ڈالر ، حبیب بینک کے رفیق ایم حبیب کی کل دولت 0.95 ارب ڈالرز اور فہرست میں 10 ویں نمبر پر موجود طاہر سہگل کل دولت 0.90 ارب ڈالرز بتائی گئی ہے۔