امریکی جاسوس طیارہ افغانستان میں گر کر تباہ ، حملہ یا حادثہ ، ابھی طے نہ ہو سکا

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کا ایک طیارہ افغانستان کے صوبہ غزنی کے مشرقی ضلع دیہک کے پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا . غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ جس علاقے میں گر کر تباہ ہوا یہ علاقہ طالبان کے زیر کنٹرول ہے ۔ اُدھر طالبان کے نمائندے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ اس امریکی طیارے میں خاصی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے .

افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے میجر بیتھ ریورڈن نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی فوج نے اس حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے .

افغان میڈیا کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب گرا جس میں سوار مسافروں اور عملے کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔

صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ دیہک ضلع کے علاقے سادو خیل میں گرا جب کہ حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے اب تک مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں ۔