عمران خان کےخلاف زہر اگلنے والے گوتم گمبھیر کو بھارتیوں نے انکاا صل چہرہ دکھادیا

لاہور (اردو نیوز) وزیر اعظم عمران خان کو کرکٹ کمیونٹی سے نکالنے کا مشورہ دینے والے سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کی بھارتیوں نے تاریخی بے عزتی کرڈالی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ اٹھانے اور جرمن آمر ہٹلر طرز پر سوچنے والی مودی سرکار کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے پر جہاں بی جے پی کی سرکار بوکھلائی رہی وہیں اس کے پیادوں کو بھی کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم کا پردہ فاش کیے جانے کا جواب کس طرح سے دیا جائے ،انہی پیادوں میں سے ایک سابق بھارتی کرکٹر اور بی جے پی کے رکن اسمبلی گوتم گمبھیر کو بھی جب کچھ نہیں سوجھا تو سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر زہر اگل دیا ۔

37سالہ گمبھیر کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ”سپورٹس مین کو اچھے رویے ، ٹیم سپرٹ ،اخلاق اور کیریکٹر کی مضبوطی کا رول ماڈل ہونا چاہیے،حال ہی میں ہم نے اقوام متحدہ میں ایک سابق سپورٹس مین عمران خان کو دہشت گردوں کے رول ماڈل کے طور پر بولتے دیکھا،سپورٹس کمیونٹی کوفوری طور پر عمران خان سے تمام رابطے توڑ دینے چاہیئیں“۔ گمبھیر کے اس ٹویٹ پر بھارتیوں نے سابق کرکٹر کو ان کا اصل چہرہ دکھاتے ہوئے ثابت کیا کہ عمران خان کے آج بھی بھارت میں چاہنے والے موجود ہیں۔

بھارتی مصنف پریرنابخشی نے اپنے ٹویٹ میں گمبھیر کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ” عمران خان ہمیشہ تم سے بہترکرکٹر رہے گا“۔ کئی ہندوستانیوں نے گمبھیر کو یاد دلایا کہ ان کے پاس عمران خان پر تنقید کرنے کی کوئی اخلاقی ساکھ موجود نہیں ہے۔ یاد رہے کہ گوتم گمبھیر پر دہلی پولیس نے فراڈ اور کرپشن کا مقدمہ درج کررکھا ہے ۔