امریکہ نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی یقین دہانی کروا دی

اسلام آباد (اُردو نیوز) وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ کے ثمرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ امریکہ نے پاکستان کے لیے عائد ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ ٹریول ایڈوائزری میں نرمی سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ امریکہ نے پاکستان کا ایک اور مطالبہ بھی مان لیا اور پاکستان کے سفر کے لیے ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

وزیر اعظم کی قیادت میں حالیہ دورے کے دوران پاکستان کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک امریکہ ٹریڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ کونسل کا اجلاس بھی اس سال منعقد کروانے پر اتفاق ہوگیا ہے، امریکہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ خیال رہے کہ رواں سال امریکہ نے دہشتگردانہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر اور پاک بھارت ملحقہ سرحدی علاقوں میں دہشتگردانہ حملوں کا شدید خطرہ ہے ۔ امریکی شہری ایسے حملوں کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کاغیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ نے اپنے شہریوں کو 35 ممالک کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے غیر معمولی سفری انتباہ میں بھارت،پاکستان، ترکی، چین اور ایران شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اس سفری انتباہ کے مطابق پاکستان میں امریکی شہریوں کو دو صوبوں میں جانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ امریکی شہری پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان نہ جائیں۔ امریکہ نے اپنے شہریوں کے لیے آزاد کشمیر اور پاک بھارت سرحد بھی نوگو ایریاز قرار دے دئے۔ تاہم اب وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ کے بعد سے امریکہ نے ٹریول ایڈوائزری پر بھی نظر ثانی کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔