یمن جنگ اختتام کی جانب گامزن؟ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں کامیاب ہونے لگیں

اسلام آباد (نیوزڈیسک) یمن جنگ اختتام کی جانب گامزن؟ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں کامیاب ہونے لگیں، یمنی سفیر محمد مطاہر الشہبی ہنگامی دورے پر سعودی عرب روانہ، یمنی صدر منصور الہادی کو وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام پہنچائیں گے، سعودی حکام سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی یمن میں ثالثی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ثالثی کی پیش کش کیے جانے کےبعد یمنی سفیر محمد مطاہر الشہبی ہنگامی دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔

دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان میں تعینات یمنی سفیر یمنی صدر منصور الہادی کو وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔ جبکہ اس دوران ان کی سعودی حکام سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ پاکستانی میڈیا چینل کا دعویٰ ہے کہ اکستان نے یمن پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے جہاں سرکاری سطح پر سفارتکاری شروع کر رکھی ہے وہاں پر فریقین کے ساتھ رابطوں کیلئے بیک ڈور ڈپلومیسی بھی جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یمنی صدر کی حکومت سے سرکاری سطح پر رابطوں کے بعد پاکستان کے حوثیوں کے ساتھ بھی رابطے استوار ہوئے ہیں۔ پاکستان نے یمن میں دیرپا امن کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کی حمایت کر رکھی ہے اور پاکستان، یمن تنازع کا سیاسی حل چاہتا ہے۔

پاکستان انسانی ہمدردی کے تحت یمن کیلئے امداد میں تیزی کا حامی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یمنی سفیر کو پاکستان کی یمن پالیسی اور خصوصاً ثالثی کے حوالے سے مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا تھا جس کے مطابق پاکستان یمن تنازع کے فریقین کو مذاکرات کیلئے میزبانی کی پیشکش کر چکا ہے جبکہ فریقین چاہیں تو پاکستان امن فارمولا بھی دے سکتا ہے۔ دوسری جانب یہ بھی واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے ثالثی کے کردار کی پیش کش کیے جانے کے بعد ہی حال ہی میں حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ساتھ جنگ بندی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب اور اس کی اتحادی فوجی نے بھی فی الحال جنگ بندی کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں