بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ باغیوں نے مسافر بس کو بم سے اُڑا دیا ، 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے

بھارت میں مسافر بس پر ماؤ باغیوں کے بم حملے کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے ، مسافر بس مکمل تباہ ہو گئی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ باغیوں نے نیشنل منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ( این ایم ڈی ایس) کی بس کو نشانہ بناتے ہوئے بارودی سرنگ کا دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہو گئے ، بس میں عام لوگ اور سی آر پی ایف کے چند اہلکاربھی سوار تھے ۔

بس مارکیٹ سے آکاش نگر واپس جارہی تھی کہ راستے میں ماؤ باغیوں نے بارودی سرنگ کا دھماکہ کیا جس کی زد میں بس آکر تباہ ہوگئی ۔ حملے میں سی آر پی ایف کا دو اہلکار ، بس ڈرائیور ، کنڈیکٹر اور کلینر ہلاک ہوگئے جبکہ بس میں سوار دیگر 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں بچیلی کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ۔ زخمیوں کی شناخت نہیں ہو سکی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعہ کی رپورٹ درج کرکے ماؤ باغیوں کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ چھتیس گڑھ میں 4 روز بعد ضمنی انتخابات ہیں جس کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹیم بھیجی گئی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں