جمائما خان نے عمران خان سے شادی کی آخری نشانی بھی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

لندن (اردو نیوز) وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے اپنا گھر فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمائما گولڈ سمتھ اس گھر میں شادی کے بعد عمران خان کے ساتھ رہائش پذیر رہیں اور پھر طلاق کے بعد اپنے بیٹوں کے ساتھ بھی ابھی تک اس گھر میں رہ رہی تھیں۔برطانوی اخبار ڈیلی میل آن لائن کے مطابق یہ گھر بیس سال سے جمائما گولڈ سمتھ کی ملکیت ہے جسے اب وہ فروخت کرنے جا رہی ہے۔

اس کے لیے انہوں نے گھر کی تصاویر بھی پہلی بار سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں۔

44 سالہ جمائما گولڈ سمتھ اور 66 سالہ عمران خان کی 2004 میں طلاق ہوئی اور اس گھر میں اپنے بیٹوں کے ساتھ اکیلی رہ گئی۔اب ان کے بیٹے 21 سالہ سلیمان اور 19 سالہ قاسم بھی یہ گھر چھوڑ چکے ہیں اسی لیےجمائمہ گولڈ سمتھ کا کہنا ہے کہ اب مجھے اتنے بڑے گھر کی ضرورت نہیں رہی جو کہ 7 بیڈ رومز پر مشتمل ہے۔

جمائمہ کا کہنا ہے کہ میں دو سال قبل اسے فروخت کرنا چاہتی تھی لیکن میرے بیٹے نے کہا ہماری یونیورسٹی کی تعلیم مکمل ہونے تک گھر فروخت نہ کریں جس کے بعد میں نے گھر فروخت کرنے کے فیصلے کو موخر کر دیا۔جمائما نے اپنے خوبصورت عالیشان گھر کی تصاویر بھی شئیر کی ہیں۔جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔

کچھ صارفین نے انہیں سراہا کہ جمائما خان کو اس بات کا اندازہ ہے کہ یہ گھر بہت بڑا ہے جب کہ لوگ کم ہیں اسے لیے انہوں نے اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔جب کہ کچھ صارفین نے کہا کہ شاہد جمائما گولڈ سمتھ اپنی ماضی کی یادوں کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔