روسی لڑکی کی آئی فون سے محبت کی انتہا ، مرنے کے بعد قبر کا کتبہ بھی آئی فون جیسا نصب کردیا گیا

اسمارٹ فون لوگوں کی زندگیوں پر کس حد تک اثر انداز ہو رہا ہے ، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اب قبروں کے کتبے بھی اسمارٹ فون کی شکل کے بننے لگے ہیں ۔ 25 سال کی عمر میں وفات پا جانے والی ایک روسی خاتون کی قبر پر حال ہی میں ایپل آئی فون کی شکل کا کتبہ نصب کیا گیا ہے ، جس کی اسکرین پر ان کی تصویر بھی موجود ہے ۔ دی سن کی ایک رپورٹ کے مطابق ریٹا شامیوا کی وفات 2016 میں ہوئی تھی ، جنہیں اپنے آئی فون سے بے انتہا محبت تھی ۔ حال ہی میں ان کے والد نے اپنی بیٹی کی قبر پر ایک 5 فٹ کا کتبہ لگوایا ہے ، جو بالکل آئی فون کی طرح کا ہے ۔

اس پر ایپل کا لوگو بھی موجود ہے اور اسکرین پر آنجہانی شامیوا کی تصویر بھی ہے ۔ ہو بہو آئی فون کی شکل کے اس غیر معمولی کتبے پر کیو آر کوڈ بھی ہے ۔ یہ کوڈ اسکین کرنے پر ایک ویب سائٹ کھل جاتی ہے ، جس پر ایک چھوٹی سی نظم لکھی ہے ، جو ممکنہ طور پر خاتون کی یاد میں ہے ۔ روسی میڈیا کے مطابق مرنے والی خاتون ایپل اسمارٹ فون کی فروخت کا کام کرتی تھی ۔ رپورٹس کے مطابق پاویل کلیوک نامی ایک سائبیرین آرٹسٹ اور ان کی کمپنی نے یہ منفرد کتبہ تیار کیا ہے ۔ گرینائٹ کے اس کتبے کی تیاری پر ایک لاکھ 88 ہزار روپے کی لاگت آئی ہے ۔