دُبئی کے برج الخلیفہ سے چند کلو میٹر دُور دیوقامت چائے کے ایک کپ کو گینز بُک میں شامل کر لیا گیا

متحدہ عرب امارات کے سیاحتی شہر دبئی کے ’لینڈ مارک‘ سمجھے جانے والے برج الخلیفہ سے چند کلو میٹر کی دوری پر چائے کے ایک دیو قامت کپ کو گینز بک میں شامل کیاگیا ہے۔ گرم چائے کا یہ کپ اب تک دنیا میں بنائے گئے پیالوں میں سب سے بڑا ہے۔ اس سے قبل چین میں چائے کا ایسا ہی ایک کپ بنایا گیا تھا مگر دبئی میں تیار ہونے والا یہ کپ گرم چائے سے بھرپور اور سب سے بڑا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق دنیا میں چائے کے اس منفرد کپ میں 5 ہزار لیٹر چائے ڈالی جاسکتی ہے، چائے کی تیاری کے لیے 120 کْک 12 گھنٹے مسلسل کام کرتے ہیں ۔ عالمی ریکارڈ کے حامل کپ میں پانی کی بھاری مقدار کے ساتھ 155 کلو گرام چائے (پتی) ، 270 کلو گرام دودھ اور 360 کلو گرام چینی اور دیگر اجزاء انڈیلے جاتے ہیں ۔ دبئی میں تیار کیے گئے دیوقامت چائے کے کپ کا قطر 1.42 میٹر اور اس کی لمبائی 3.66 میٹر ہے ۔ اسے آئندہ مہینے کے اوائل میں دبئی میں عالمی سیاحتی اہمیت کے حامل قصبے میں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس چین کے شہر شنگھائی میں چائے کا ایک بڑا کپ تیار کیا گیا تھا۔ تاہم اب دبئی میں عالمی سیاحتی گاؤں کے پروگرام کے چیئرمین بدر انوھی نے کہا کہ چائے کا یہ کپ متحدہ عرب امارات کی ثقافت کی علامت اور عرب مہمان نوازی کا حصہ ہے۔ دبئی کا شمار دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی شہروں میں ہوتا ہے۔