سینکڑوں پُراسرار غاروں پر مشتمل پاکستانی شہر، یہ پُراسرار غاریں کس نے اور کیوں تعمیر کیں؟

ہمارے ملک میں متعدد ایسے مقامات موجود ہیں، جن سے خود ہمارے ملک پاکستان کی عوام بھی مکمل طور پر واقف نہیں جبکہ یہ مقامات اپنے اندر کئی پراسرار راز سموئے ہیں۔ انہی مقامات میں سے ایک مقام گونڈرانی بھی ہے، جسے شہر روغان کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس شہر کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں موجود پہاڑوں میں سینکڑوں غاریں بنی ہوئی ہیں، لیکن ان غاروں کی تعمیر کے حوالے سے تاریخ بالکل خاموش ہے۔گونڈارنی صوبہ بلوچستان میں کراچی سے 175 کلومیٹر کےفاصلے پر ضلع لسبیلہ میں واقع ہے۔

یہ شہر قدیم قصبے بیلہ کے شمال میں 20 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ مؤرخین کا خیال ہے کہ ان پہاڑوں میں موجود غاریں بدھ مت مذہب کے پیروکاروں نے تعمیر کی ہیں اور وہ یہاں رہائش پذیر تھے۔ ان غاروں میں چھوٹے چھوٹے کمرے بھی بنے ہوئے ہیں، جو مختلف راستوں سے منسلک ہیں۔ برطانوی دور میں یہاں 1500 غاریں موجود تھیں، لیکن مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے انگنت غاریں گر چکی ہیں اور اب صرف 500 غاریں باقی رہ گئی ہیں۔