’اگر تیزی سے وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو صبح سحری کے وقت دہی میں یہ چیز ڈال کر کھائیں‘

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سحری کے وقت آپ دہی تو کھاتے ہی ہوں گے لیکن اگر اس میں تھوڑا سا دارچینی کا سفوف بھی ڈال لیں تو کیا ہی اچھا ہے۔ یہ وزن کم کرنے کا قدرتی اور شاندار نسخہ ہے۔ اخبار دی مرر کی ایک طبی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر آپ تیزی سے وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو دہی میں دارچینی ملا کر استعمال کرنا بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ روزانہ دہی میں آدھا چمچ دار چینی کا سفوف ڈال کر استعمال کریں تو ایک ماہ کے دوران ایک کلوگرام وزن کم ہو جاتا ہے۔ وزن کم کرنے کیلئے متعدد اور ایسی ہی آسان تراکیب بتائی گئی ہیں جن کے بارے میں لوگ آگاہ نہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ وزن میں کمی کا عمل تیز کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے کیلشیم سپلیمنٹ استعمال کرنا بھی فائدہ مند ہے۔اس سے چربی کی تحلیل کا عمل 2.6 فیصد تیز ہوسکتا ہے۔سرخ گوشت میں بہت سی ایسی پروٹین پائی جاتی ہے جو آپ کے پٹھوں کی افزائش کرتی ہے۔ اس کے استعمال کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ پٹھے زیادہ حرارے صرف کرتے ہیں اور چربی کی مقدار جسم میں کم ہوتی جاتی ہے۔آپ آکو پنکچر طریقہ علاج سے تین ماہ کے دوران تقریباًساڑھے چار کلو اضافی وزن کم کرسکتے ہیں۔چربی کو تیزی سے کم کرنے کیلئے گاجر کا جوس بھی انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ روزانہ ایک گلاس گاجر کا جوس پینے سے تین ماہ میں تقریباً 2 کلو وزن کم ہوسکتا ہے۔

اگر آپ اکیلے ورزش کرتے ہیں تو اب دوستوں کے ساتھ مل کر ورزش کرنے کا تجربہ کریں۔ آپ دیکھیں گے کہ اس سے بھی وزن زیادہ تیزی سے کم ہوتا ہے۔سرخ مرچوں کا مناسب استعمال کرنا چاہیے کیونکہ اس میں موجود کیپسیسین کی وجہ سے ریسٹنگ میٹابولک کی شرح تقریباً 25 فیصد بڑھ جاتی ہے جس سے وزن کم ہوجاتا ہے۔اگر آپ روزانہ دو منٹ کیلئے لمبی سانسیں لیتے ہیں تو اس سے بھی چربی کو تحلیل کرنے کیلئے مدد ملتی ہے۔وزن تیزی سے کم کرنے کیلئے صبح سویرے ورزش کرنا زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔ اگر آپ صبح اٹھنے کے بعد سب سے پہلا کام ورزش کرتے ہیں تو چربی زیادہ مقدار میں تحلیل ہوتی ہے۔اگر آپ دن کے اوقات میں وقتاً فوقتاً پروٹین سے بھرپور ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال جاری رکھتے ہیں تو یہ بھی آپ کے وزن کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔وزن کم کرنے کیلئے انڈے او رتربوز کا امتزاج بھی بہت مفید پایا گیا ہے۔ پروٹین سے بھرپور انڈہ کھانے کے بعد وٹامن سے بھرپور تربوز کھائیے۔ اگر آپ یہ خوراک ناشتے میں استعمال کریں تو زیادہ مفید ثابت ہوگی۔ تربوز میں پائے جانے والے وٹامن انڈے کی پروٹین کو ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ انڈے کی پروٹین تربوز میں پائے جانے والے کاربوہائیڈریٹ کو ہضم کرنے میں مدد دیتی ہے ۔ دونوں کے اجزاءمجموعی طور پر چربی کو تحلیل کرنے میں بہت کارگر ثابت ہوتے ہیں۔