گھر میں موجود یہ عام سی گولی مردانہ کمزوری کا مکمل علاج کر سکتی ہے

مردوں میں مخصوص کمزوری کے مسئلے کی بڑی وجہ دوران خون کی خرابی ہوتی ہے اور یہ مسئلہ بسا اوقات مہنگے علاج سے بھی رفع نہیں ہوتا ، تاہم اب ترک سائنسدانوں نے ہر گھر میں پائی جانے والی ایک عام سی گولی کے ذریعے اس کا انتہائی آسان علاج بتا دیا ہے ۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یہ گولی ”اسپرین“ ہے، جس کے متعلق استنبول کی میڈی پول یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر مردانہ کمزوری کے مسئلے سے دوچار مرد اسپرین کی روزانہ ایک گولی مسلسل 6 ہفتے تک کھائیں تو انہیں اس مسئلے سے نجات مل جائے گی ۔

رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 184 ایسے مردوں پر تجربات کیے جن کی عمراوسطاً 48 سال تھی اور وہ اس مرض کا شکار تھے ۔ انہیں دو گروپوں میں تقسیم کرکے سائنسدانوں نے ایک گروپ کو 6 ہفتے تک روزانہ اسپرین کی ایک گولی کھلائی جبکہ دوسرے گروپ کو ڈمی گولی دی جاتی رہی (ڈمی گولی سائنسی تجربات میں دوا کے نفسیاتی اثرات کو برابر کرنے کے لیے دی جاتی ہے۔ اس سے دوسرے گروپ کے لوگوں کو بھی یہ احساس رہتا ہے کہ وہ بھی گولی کھا رہے ہیں لیکن گولی کا کوئی منفی یا مثبت اثر نہیں ہوتا) ۔ چھ ہفتے بعد ماہرین نے دوبارہ ان کے مرض کے ٹیسٹ کیے تو حیران کن نتائج سامنے آئے۔

ڈمی گولی کھانے والوں کو کوئی فرق نہیں پڑا تھا جبکہ جو لوگ روزانہ اسپرین کی گولی کھا رہے تھے ان کا 50 سے 88.3 فیصد تک مرض ختم ہو گیا تھا ۔ جنسی تقویت کی گولی ’ویاگرا‘ کھانے سے یہ شرح 48 سے 81 فیصد ہوتی ہے ۔ چنانچہ اس تحقیق میں اسپرین کے نتائج ویاگرا سے بھی بہتر سامنے آئے ۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر زیکی بیراکتر کا کہنا تھا کہ ”بعض لوگوں کے خون میں موجود پلیٹ لیٹس بہت بڑے ہوتے ہیں جو دوران خون میں رکاوٹ بنتے ہیں ۔ اسپرین کی گولی ان سمیت دوران خون میں رکاوٹ کی دیگر وجوہات کو دور کر دیتی ہے جس کے نتیجے میں مردوں کا یہ جنسی مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔“