اگر آپ چھوٹے قد کی وجہ سے پریشان ہیں تو ان باتوں پر عمل کریں اور واضح فرق دیکھیں

انسان کا قد اس کی شخصیت کا اہم حصہ ہوتا ہے۔ قد بڑھانے کا بہترین اور کارآمد طریقہ صحیح ورزش اور متوازن غذا ہے۔ ورزش کرنے سے پٹھے کھنچتے اور مضبوط ہوتے ہیں جبکہ صحیح غذا کے استعمال سے وہ ہارمونز نشوونما پاتے ہیں جو قد بڑھنے میں کردار ادا کرتے ہیں ۔ یوں تو قد کا اصل تعلق جینیاتی بناوٹ سے ہوتا ہے لیکن اگر جسم کو مناسب غذا نہ ملے یا ورزش نہ کی جائے تو بھی قد چھوٹا رہ جانے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ مندر جہ ذیل ورزشیں آپ کا قد بڑھانے میں مدد کرسکتی ہیں ۔ ان کو ہفتے میں دو سے 3 بار ضرور کیجیئے۔

لٹکنا کشش ثقل آپ کے قد پر اثر انداز ہوکر آپ کے جوڑوں اور ریڑھ کی ہڈی کو سکیڑ دیتی ہے۔ لٹکنے سے اس اثر کو کم کیا جاسکتا ہے۔ کسی راڈ یا اونچی چیز کو پکڑ کر لٹکنے سیی جسم کا نچلا حصہ ریڑھ کی ہڈی کو کھینچتا ہے۔ اس عمل سے قد میں ایک سے دو انچ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ البتہ اس کا اثر فوراً ظاہر ہونا شروع نہیں ہوتا ۔ ایسی جگہ لٹکنا چاہیے جہاں پر آپ کے جسم کو آگے پیچھے حرکت کرنے کی جگہ ملے۔

خشکی پر تیرنا اس ورزش سے آپ کی پشت کے نچلے حصے پر زور پڑتا ہے ۔ اس ورزش کے لیے سب سے پہلے پیٹ کے بل لیٹ جائیں ۔ اب اپنے بازووں کو مو ڑ کر ہتھیلیوں کا رخ زمین کی جانب کریں ۔ اب اپنے بائیں بازو کو دائیں بازو سے اونچا کریں ۔ ٹانگوں کوسیدھا رکھتے ہوئے دائیں ٹانگ کو جس حد تک ہوسکے ہوا میں اٹھائیں ۔ اسی پوزیشن میں 4 سیکنڈز تک رہیں پھر اپنے دوسرے بازو اور ٹانگ کیساتھ یہی عمل دہرائیں ۔ اس پریکٹس کو 4 سیکنڈز سے بڑھا کر 20 سیکنڈز تک لے جانے کی کوشش کریں ۔ اس سے نہ صرف آپ کا قد بڑھے گا بلکہ آپ کا جسم شیپ میں بھی آجائے گا۔

کوبرا اسٹریچ اس ورزش سے آپ کی ریڑھ کی ہڈی مضبوط ہوتی ہے۔ اس سے پٹھوں میں لچک پیدا ہوتی ہے ۔ اپنا منہ زمین کی طرف کرکے لیٹ جائیں ۔ ہتھیلیاں بھی زمین پر رکھ دیں ۔ اب ہتھیلیوں کی مدد سے اپنی کمر کو اٹھائیں ۔ ٹھوڑی اور منہ کو سامنے کی طرف رکھیں ۔ ٹانگوں کو نہ ہلائیں ۔ کمر اور ریڑھ کی ہڈی کو جتنا پیچھے کی طرف کھینچ سکتے ہیں کھینچیں ۔ اسی طرح 5 سے 30 سیکنڈز تک رہیں پھر جسم کو پہلے والی پوزیشن پر لے آئیں ۔ اس عمل کو 3 سے 4 بار دہرائیں ۔

ٹوئسٹ ، ٹوئسٹ کئی اقسام کے ہوسکتے ہیں ۔ سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ کمر کے بل لیٹ جائیں ۔گھٹنوں کو موڑ لیں اور پاوں کو زمین پر رکھ دیں ۔ اب بائیں گھٹنے کو دائیں ہاتھ سے پکڑ کر دونوں گھٹنوں کو دائیں طرف کھینچیں اور اسی طرح دائیں گھٹنے کو بائیں طرف سے پکڑ کر بائیں جانب کھینچیں ۔

پیلوس شفٹ یہ ایک بے حد آسان ورزش ہے جس سے آپ کے جسم میں کھینچاو پیدا ہوتا ہے ۔ قد لمبا کرنے میں یہ ورزش کافی کارآمد ہے ۔ اس سے آپ کاجسم شیپ میں آتا ہے ۔ کمر کے بل زمین پر لیٹ جائیں ۔ بازووں اور کندھوں کو زمین پر سیدھا رکھ دیں ۔ اب اپنے پیروں کو کولہے کے قریب لے کر جائیں ۔ اپنی کمر کو موڑ کر کولہے اٹھائیں اور اوپر کی طرف لے کر جائیں ۔ اس پوزیشن میں 20 سے 30 سیکنڈز تک رہیں ۔ اس سے جسم میں لچک بھی پیدا ہوگی۔