امریکی بیکری میں ’ارما‘ طوفان پر لذیذ کیک تیار

بحر اوقیانوس کی تاریخ کا طاقتور ترین طوفان ’اِرما‘ کیریبیئن میں تباہی مچاتا ہوا امریکی ریاست فلوریڈا پہنچا تو وہاں بھی بہت زیادہ تباہی مچادی، لیکن ایسے موقع پر عوام کو حوصلہ دینے کے لیے فلوریڈا کی ایک بیکری نے طوفان کی تھیم پر بنے نہایت دلچسپ اور لذیذ کیک تیار کرلیے۔

پبلکس نامی بیکری میں اس طوفان سے متعلق کئی کپ کیکس بھی تیار کیے گئے، جن کی تصاویر وہ اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر شیئر کررہے ہیں۔ ساتھ ساتھ لوگ بھی ان کیکس کو خرید کر اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر ان کی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں۔ بیکری کی جانب سے بنائے گئے کپ کیکس میں طوفان کا منظر پیش کیا گیا۔

مذکورہ امریکی بیکری کی جانب سے بنائے گئے چند کیکس میں لکھا گیا ’یہاں سے چلے جاؤ ارما‘۔ بزنس انسائڈر کی رپورٹ کے مطابق اس بیکری نے سمندری طوفان کے وقت ہنگامی حالات میں جیکسن ویل میں پھنسے افراد کو کھانا اور کیک ڈلیور کیا۔اور جب طوفان سے محفوظ افراد اپنے گھروں کو واپس پہنچے تو اس بیکری میں اس تھیم پر بھی کیک تیار کرلیے گئے۔