ایران کی قومی کرنسی ریال کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں مُلک کی 40 سالہ تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی

ایران کی قومی کرنسی ریال کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جس نے صدر حسن روحانی اور حکومت کی طرف سے کرنسی کی قدر میں استحکام کے دعوؤں کو غلط ثابت کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق حال ہی میں ایرانی صدر حسن روحانی نے قوم کو یقین دلایا تھا کہ ریال کی قدر میں اضافہ کیا جائے گا اور اس کی قیمت مزید کم نہیں ہونے دی جائے گی ، تاہم روز بلیک مارکیٹ میں ایرانی ریال ایک امریکی ڈالر کے بدلے میں 46 ہزار ریال کے حساب سے فروخت ہوتا رہا ہے جبکہ ایرانی ریال کی اتنی کم قیمت گذشتہ 40 سال کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔

گذشتہ ہفتے ایرانی ریال کی قیمت کا غیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں استحکام دیکھا گیا تھا مگر کل سوموار کو ایرانی ریال دھڑام سے نیچے آیا اور فی امریکی ڈالر کے مقابلے میں 46 ہزار ایرانی ریال فروخت ہونے لگے اور بلیک مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمت یورو کے مقابلے میں بھی کم ہوئی ہے ۔ ایک یورو کے بدلے میں 5750 ایرانی ریال فروخت ہوتے رہے جبہ آسٹریلوی پاؤند کے مقابلے میں 6650 ایرانی ریال فروخت کیے گئے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ایرانی صدر حسن روحانی نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے پیچھے حکومت کی منشا شامل ہے جس کا مقصد بجٹ خسارے کو پورا کرنے کی کوشش ہے۔